لوکل گورنمنٹ تحصیل کونسل باڑہ کی جانب سے اور JICA کے تعاون سے قوم شلوبر کے ملک وارث خان گراؤنڈ میں ایک شاندار کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح سابق ایکٹنگ تحصیل چیئرمین جاوید خان آفریدی اور تحصیل کونسل باڑہ کے دیگر معزز چیئرمینز نے کیا، افتتاحی لمحات میں جاوید خان آفریدی نے بیٹ سے شارٹ مار کر جبکہ ڈاکٹر کبیر خان نے بالنگ کر کے ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس پروقار تقریب میں تحصیل کونسل باڑہ کے مختلف ویلج کونسلوں کے سابق چیئرمینز، سپاہ خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے نمائندگان، کھلاڑیوں اور علاقائی تماشائیوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر سابق ایکٹنگ تحصیل چیئرمین جاوید خان آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چار سالہ ٹینور مکمل ہونے کے باوجود صوبائی حکومت نے ترقیاتی فنڈز فراہم نہیں کیے سوائے 2025 میں محدود سپورٹس فنڈز کے، تاہم ہم لوکل گورنمنٹ اور بالخصوص JICA کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے تحصیل کونسل باڑہ کو سپورٹس ایکٹویٹی شروع کرنے کے ساتھ ساتھ فیملی اسکل ٹریننگ، طلبہ کیلئے قرآت و تقریری مقابلوں کے انعقاد کیلئے فنڈز فراہم کیے اور 2022 سے ہی تحصیل کونسل باڑہ کی ٹریننگ اور ویش لیسٹ سازی میں کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ سپورٹس گالا جاری رہے گا اور اس کے اختتام پر اسی شان سے کلوزنگ سرمنی بھی منعقد کی جائے گی، جبکہ قوم شلوبر کے تمام چیئرمینز کا بہترین انتظامات اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے سابق صدر مقبلی خان اور سابق جنرل سیکرٹری شاہ میر خان نے کامیاب پروگرام پر تحصیل کونسل باڑہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ واقعی تحصیل کونسل باڑہ کے چیئرمینز ایوارڈ کے حقدار ہیں جنہوں نے بغیر سرکاری فنڈز کے چار سالوں میں بہترین کارکردگی دکھائی، سپورٹس ایکٹویٹیز کو فروغ دیا اور جنریٹرز کے ذریعے صفائی کے عمل کو جاری رکھا، انہوں نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی آئندہ بھی تحصیل کونسل باڑہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ مزید برآں چیئرمین جمیل مقام، انجنیئر بنارس خان، چیئرمین رحمان، چیئرمین ظفر اللہ، چیئرمین سلطان میر خان، قاری نعمت اللہ اور چیئرمین حاجی غلاف خان نے بھی سپورٹس ایکٹویٹی اور JICA کے دیگر پروگرامز کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے اور مسلسل جدوجہد پر تحصیل کونسل باڑہ کی نمائندہ کمیٹی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایک فعال اور متحرک کمیٹی تشکیل دے کر تحصیل کونسل باڑہ نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائی ہیں، انہوں نے JICA کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تحصیل کونسل باڑہ کو فنڈز فراہم کیے اور سپورٹس ایکٹویٹی کیلئے وسائل مہیا کیے جس میں تحصیل کونسل باڑہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ تقریب میں معزز مہمانوں نے ہر ٹیم کو JICA کی جانب سے سپورٹس کٹس تقسیم کیں جن میں دو عدد بیٹس، دو بیٹسمین ہیلمٹس، بیٹسمین گلووز، کیپر گلووز، سیف گارڈز، بیٹسمین پیڈز اور کیپر پیڈز شامل تھے۔ اس شاندار پروگرام میں تحصیل کونسل باڑہ کے قاری نعمت اللہ، چیئرمین ظفر اللہ، چیئرمین سلطان میر خان، چیئرمین بنارس خان، چیئرمین سلیم خان، چیئرمین رحمان اللہ خان، چیئرمین شاہد کنگ، چیئرمین ازبرگل گل، چیئرمین ڈاکٹر کبیر خان، چیئرمین جمیل مقام، چیئرمین رئیس خان، چیئرمین حاجی غلاف خان، خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کے مقبلی خان، قاضی شامیر جان، سوشل ایکٹوسٹ جاوید خان، حاجی رحمان، ویلج سیکرٹری شکیل شاہ، سیکرٹری سیلمان خان، جماعت اسلامی کمر خیل کے امیر طارق امین، سوشل ایکٹوسٹ امان اللہ، ذاکر خان اور قوم شلوبر سے تعلق رکھنے والے درجنوں معزز مہمانوں نے شرکت کی، آخر میں قوم شلوبر کے چیئرمین جمیل مقام نے تمام آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کامیاب پروگرام کے انعقاد پر سب کو مبارکباد دی۔



