لوئر چترال: جنگلی بلی کے حملے میں متعدد بھیڑ بکریاں ہلاک، معاوضے کا مطالبہ
۔
ضلع لوئر چترال کے تھانہ شغور کی حدود میں جنگلی بلی (لنکس) کے حملے میں ایک شہری کے مویشیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیرشال کریم آباد کے رہائشی بالی خان ولد پردوم خان کے مویشی خانے میں رات کے وقت جنگلی بلی داخل ہوگئی، جس نے حملہ کرتے ہوئے نصف درجن سے زائد بھیڑ بکریوں کو ہلاک جبکہ تین کو زخمی کر دیا۔
متاثرہ شہری نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں جنگلی جانوروں کے بڑھتے ہوئے خطرے سے تحفظ فراہم کیا جائے اور ہلاک ہونے والے مویشیوں کا مناسب معاوضہ ادا کیا جائے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں جنگلی جانوروں کی آبادی بستیوں کے قریب آنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جس سے لوگوں کو جانی و مالی نقصان کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
اس حوالے سے موقف لینے کیلئے ڈی ایف او وائلڈ لائف چترال سے رابطہ کرنے کی کوشش کی مگر رابطہ نہ ہوسکا ۔

