ضم اضلاع کو ایمبولینس سروس فراہم

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لیے بڑا اقدام

ضم اضلاع میں زچہ و بچہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، عاقب اللہ خان

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 42 خصوصی ایمبولینسز مہیا کی جارہی ہیں۔

اس خصوصی سروس کا افتتاح صوبائی وزیر برائے محکمہ ریلیف عاقب اللہ خان نے صوبائی ہیڈکوارٹر ریسکیو 1122 پشاور میں کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل شاہ فہد نے صوبائی وزیر کا استقبال کیا اور انہیں ریسکیو سروسز، ایمرجنسی رسپانس نظام اور خصوصی ایمبولینس سروس کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یہ خصوصی ایمبولینسز حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کو بروقت اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے استعمال کی جائیں گی، خصوصاً دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں جہاں فوری طبی رسائی ایک بڑا چیلنج ہے۔

ایمبولینسز میں جدید طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں انکیوبیٹر، آکسیجن سپورٹ سسٹم، ڈیلیوری کٹس، سکشن مشین، مانیٹرنگ آلات اور زچہ و بچہ کی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دیگر ضروری طبی آلات شامل ہیں۔ ان ایمبولینسز کے ساتھ تربیت یافتہ عملہ بھی موجود ہوگا تاکہ دورانِ منتقلی ماں اور نومولود کو بروقت طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

صوبائی وزیر عاقب اللہ خان نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور یہ اقدام قبائلی اضلاع میں صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 کی یہ سروس نہ صرف بروقت طبی امداد فراہم کرے گی بلکہ زچگی کے دوران پیش آنے والی پیچیدگیوں اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔

Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa Chief Secretary Khyber Pakhtunkhwa Aqib Ullah Khan Directorate General Information & PRs, KP PTI Khyber Pakhtunkhwa

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top