جمرود: ضلع خیبر کے کسانوں کے لیے زیتون کی کاشت پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
محکمہ زراعت توسیع ضلع خیبر کے زیر اہتمام جمرود زراعت آفس میں ضلع خیبر کے کسانوں کے لیے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی، جس میں دو سو سے زائد کسانوں نے شرکت کی۔ تربیتی ورکشاپ میں کسانوں کو زیتون کی جدید کاشت، قلمی کاری، باغات کی تیاری اور زیتون کی غذائی اہمیت کے حوالے سے تفصیلی تربیت فراہم کی گئی۔
تقریب میں محکمہ زراعت خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل مراد علی خان، ڈائریکٹر زراعت خیبر ضیاء السلام داوڑ، ایگریکلچر افسر عبدالقادر گیلانی، ریسرچ افسر عبدالرحمان، عرفان بنگش، نوید آفریدی، پاکستان تحریک انصاف ضلع خیبر کے صدر اشفاق آفریدی، بلدیاتی نمائندگان اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے احمد اللہ آفریدی سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خیبر میں زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ضلع خیبر میں تین سو ایکڑ اراضی پر زیتون کے باغات لگائے جا چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد زیتون کی قلم کاری کی گئی ہے۔ مقررین کے مطابق مستقبل میں مزید رقبے پر زیتون کے باغات لگانے کا منصوبہ بھی زیر عمل ہے۔
ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا محکمہ زراعت مراد علی خان نے کہا کہ زیتون ایک اہم نقد آور فصل ہے جو نہ صرف کسانوں کی آمدن میں اضافہ کرے گی بلکہ علاقے میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیتی ورکشاپ کا بنیادی مقصد کسانوں کو جدید زرعی تکنیکوں سے روشناس کرانا اور انہیں اس قابل بنانا ہے کہ وہ خود زیتون کے باغات کامیابی سے لگا سکیں۔
ڈائریکٹر زراعت خیبر ضیاء السلام داوڑ نے کہا کہ محکمہ زراعت کسانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا اور تربیت یافتہ کسانوں کو آئندہ مرحلے میں عملی طور پر زیتون کے باغات لگانے میں مدد دی جائے گی۔
کسانوں نے تربیتی ورکشاپ کو مفید قرار دیتے ہوئے محکمہ زراعت کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس قسم کی تربیتی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی تاکہ ضلع خیبر میں زرعی ترقی کو مزید فروغ مل سکے



