باڑہ پریس کلب کے سالانہ انتخابات مکمل، صدارت دو امیدواروں میں برابر ووٹ لیکر چھ چھ ماہ کیلئے منتخب
خیبر (نمائندہ ذاکر آفریدی)
باڑہ پریس کلب کے سالانہ انتخابات کامیابی سے مکمل ہو گئے، جن میں صدارت کے عہدے کے لیے دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ برابر ہونے پر فیصلہ ٹاس کے ذریعے کیا گیا۔ ٹاس کے نتیجے میں سلیم آفریدی پہلے چھ ماہ جبکہ کامران آفریدی آخری چھ ماہ کے لیے صدر منتخب قرار پائے۔
نائب صدر کے عہدے کے لیے جہانزیب آفریدی اور اورنگزیب آفریدی کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں جہانزیب آفریدی نے 13 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ جنرل سیکرٹری کے طور پر خادم خان منتخب ہوئے جبکہ فنانس سیکرٹری کے عہدے پر ذاکر آفریدی بلا مقابلہ منتخب قرار پائے۔ جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے کے لیے اقبال آفریدی منتخب ہوئے۔
اسی طرح ایگزیکٹو باڈی کے ارکان میں شاہنواز آفریدی، شفیق آفریدی اور اورنگزیب آفریدی منتخب ہوئے۔ واضح رہے کہ باڑہ پریس کلب خیبر باڑہ کا ایک رجسٹرڈ پریس کلب ہے اور اس کے سالانہ انتخابات ہر سال 25 دسمبر تک مکمل کیے جاتے ہیں۔
انتخابات کے دوران بار کونسل کے فخر جہان آفریدی نے مبصر (ابزرور) کے طور پر فرائض انجام دیے۔ انتخابات کے کامیاب انعقاد پر انجمن تاجران باڑہ، مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافتی حلقوں نے نو منتخب کابینہ کو مبارک باد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت صحافیوں کے مسائل کے حل اور صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔


