باڑہ سب ڈویژن کی ہندو کمیونٹی کے ایک نمائندہ وفد نے ایس ڈی پی او باڑہ ڈی ایس پی ملک زادہ محمد عابد آفریدی سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ہندو کمیونٹی کے پیشوا پنڈت کابل ناتھ نے کی۔
اس موقع پر وفد نے اپنی کمیونٹی کو درپیش مختلف مسائل سے ڈی ایس پی باڑہ کو آگاہ کیا۔ وفد میں ہندو مندروں کے انچارج تیجا رام، ہندو تاجر برادری باڑہ کے صدر سربت لعل، اور جرمن لعل بھی شامل تھے۔
ہندو کمیونٹی نے باڑہ میں ڈی ایس پی کی تعیناتی پر سی سی پی او میاں سعید, آئی جی پولیس خیبر پختونخوا, ڈی پی او خیبر اور صوبائی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ وفد نے اپنے اظہارِ خیال میں کہا کہ انہیں پاکستانی شہری ہونے پر فخر ہے اور یہاں انہیں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے باڑہ میں امن و امان برقرار رکھنے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ، اور پولیس انتظامیہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفد نے بالخصوص باڑہ آفریدی اقوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمیشہ ان کی مدد، رہنمائی اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا۔
آخر میں ڈی ایس پی ملک زادہ محمد عابد آفریدی نے ہندو کمیونٹی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح آفریدی اقوام کے مشران و کشران نے ہمیشہ ان کا خیال رکھا ہے، اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پولیس بھی ان کی خدمت، حفاظت اور تعاون میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔


