کرکٹ کٹس نذر آتش

پی سی بی ٹرائلز میں ناانصافی پر کھلاڑیوں اور والدین کا احتجاج، لنڈیکوتل میں کرکٹ کٹس نذرِ آتش

خیبر میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیرِ اہتمام حالیہ انڈر 15، 17 اور 19 کے ٹرائلز میں مبینہ ناانصافیوں اور میرٹ کی خلاف ورزیوں کے خلاف کھلاڑیوں اور والدین نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کے مطابق ٹرائلز میں منظورِ نظر اور سفارشی کھلاڑیوں کو منتخب کیا گیا، جبکہ اصل مستحق اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو نظر انداز کر دیا گیا۔

لنڈیکوتل بازار چوک میں مشتعل کھلاڑیوں نے اپنے کرکٹ سامان اور کٹس کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ “میرٹ کا جنازہ نکال دیا گیا ہے، کھلاڑیوں کی محنت اور کارکردگی کو نظرانداز کر کے سفارش پر سلیکشن کی گئی ہے۔”

ایک کھلاڑی کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “میرے بیٹے کی پرفارمنس بہترین تھی، لیکن سلیکٹرز نے اسے کھیلنے کے حق سے محروم کر دیا۔” والدین نے مطالبہ کیا کہ ٹرائلز میں نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور میرٹ کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔

علاقے کے عوام اور کھیلوں کے شائقین نے بھی پی سی بی سے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر کے ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کے ساتھ انصاف کیا جائے تاکہ ان کا اعتماد بحال ہو اور آئندہ ٹرائلز میرٹ پر منعقد کیے جائیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top