رپورٹ ذاکر آفریدی
وادی تیراہ میدان میں جے یو آئی رہنماؤں اور اقلیتی وفد کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں اور مسائل کے حل کی یقین دہانی
ضلع خیبر کی تحصیل وادی تیراہ میدان میں جمعیت علماء اسلام ضلع خیبر کے امیر مولانا حضرت خان منیب، سابق امیدوار پی کے 71 باڑہ ضلع خیبر الحاج شمس الدین افریدی، ناظم مالیات فاٹا و سینئر نائب امیر جے یو آئی خیبر، بابا جی گورپال سنگھ ایم پی اے جے یو آئی خیبر، محمد انور سیکرٹری جے یو آئی ضلع خیبر اور سمیع اللہ آفریدی پی ایس ٹو ایم پی اے نے مقامی مسلم اور اقلیتی برادری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر شہداء کی مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
ملاقات کے دوران منجیت سنگھ کی قیادت میں اقلیتی وفد نے ایم پی اے سے اپنے مسائل پر گفتگو کی۔ ایم پی اے نے یقین دلایا کہ وادی تیراہ میدان میں اقلیتی برادری کے مسائل اجاگر کیے جائیں گے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے تاجر برادری بالخصوص اقلیتیں بھی متاثر ہوئی ہیں جن کے حقوق کے لیے آواز بلند کی جائے گی۔
ایم پی اے نے کہا کہ وادی تیراہ میدان ان کا آبائی علاقہ ہے اور یہاں کی پسماندگی کے خاتمے کے لیے بہت جلد وفاقی و فلاحی اداروں سے ترقیاتی فنڈز منظور کرائے جائیں گے تاکہ دونوں برادریاں ترقیاتی منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، ہم عوام کے ہر جائز کام میں صفِ اول کا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
مقامی افریدی قبائل نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم اور اقلیتی برادری مل کر امن و محبت کے ساتھ علاقے کی ترقی میں کردار ادا کرتی رہے گی۔

