باڑہ: یوم آزادی کے موقع پر حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے آگاہی سیمینار
پاک ومن آرگنائزیشن کے تعاون سے باڑہ پریس کلب میں یوم آزادی 14 اگست کے موقع پر حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاکستان ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں بچوں کی اموات کی شرح بارہ موزی امراض کی وجہ سے تشویشناک حد تک زیادہ ہے، تاہم ان امراض سے بچاؤ صرف اور صرف بروقت حفاظتی ٹیکہ جات کے ذریعے ممکن ہے۔
پروگرام کے مہمانِ خصوصی سیاسی و سماجی شخصیت عطاء اللہ آفریدی تھے، جبکہ سیمینار میں علماء کرام، چیئرمینان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ اس قسم کے آگاہی پروگرام پسماندہ علاقوں میں عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
شرکاء نے آئندہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کے حوالے سے آگاہ رکھنے اور اس مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں تمام شرکاء نے پاک ومن آرگنائزیشن کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر فضل ربی کا شکریہ ادا کیا
