امن کانفرنس – “پر امن خیبر پختونخوا”
اسلامی جمعیت طلبہ ضلع خیبر کے زیرِ اہتمام صوبہ بھر میں جاری مہم “پر امن خیبر پختونخوا” کے سلسلے میں ایک اہم امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں ضلع خیبر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ اور جمعیت کے کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر مختلف تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکاء سے خطاب کیا جن میں ناظم اسلامی جمعیت طلبہ ضلع خیبر روح اللّٰہ بھائی، امیر جماعت اسلامی باڑہ جناب محمد خان آفریدی، صدر پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن باڑہ جناب گل ولی آفریدی اور صدر باڑہ پریس کلب جناب سلیم آفریدی شامل تھے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں نوجوانوں کو امن کے قیام، باہمی اتحاد اور مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ امن صرف حکومت یا اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کا فرض ہے کہ وہ نفرت، انتقام اور بداعتمادی کے رویوں کو ختم کرے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا بالخصوص ضلع خیبر میں حالیہ بگڑتی ہوئی صورتحال تشویشناک ہے، جس نے تعلیمی، سماجی اور معاشی سرگرمیوں پر منفی اثرات ڈالے ہیں۔
مقررین نے مطالبہ کیا کہ پائیدار امن کے لیے عملی اقدامات، منصفانہ حکمرانی، عوامی مسائل کا حل اور نوجوانوں کو تعمیری مواقع فراہم کیے جائیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ نے اعلان کیا کہ وہ “پر امن خیبر پختونخوا” مہم کو مزید منظم انداز میں جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں میں شعور اور مثبت سوچ کو فروغ دیا جا سکے۔
