خیبر وادئ تیراہ میں مضر صحت خوراک کھانے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ مزید 16 بچوں کو غیر حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وادئ تیراہ کے علاقہ تورہ ویلا میں گزشتہ شب مضر صحت خوراک کھانے سے اختر عالم کی کمسن بچی جاں بحق جبکہ دیگر 16 بچوں کی طبیعت بگڑ گئی تاہم بڑی عمر کے افراد نقصان سے بچ گئے۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ بچوں کو ڈوگرہ اسپتال اور کچھ کو بعد ازاں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔ ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ شب اختر عالم اور زرمت کے گھر میں پیش آیا، جہاں کھڑی فصل کو نقصان پہنچانے والے جنگلی سور کو مارنے کے لیے لائی گئی زہر آلود دوا غلطی سے خوراکی اشیاء میں شامل ہوگئی۔ خوراک کھانے کے بعد بچوں کی حالت اچانک خراب ہوگئی تاہم بڑے عمر کے افراد نقصان سے محفوظ رہے۔
ڈوگرہ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عالمگیر وزیر نے بتایا کہ جاں بحق بچی ہسپتال پہنچانے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی جبکہ دیگر بچوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد بیشتر کو گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ باقی مریضوں کی حالت بھی خطرے سے باہر ہے۔ دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رفیق اور تحصیلدار باڑہ داؤد آفریدی نے ڈوگرہ اسپتال کا دورہ کیا اور علاج معالجے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
