باڑہ (ذاکر آفریدی) خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ کے زیر انتظام ضلع خیبر کی ویلج کونسل سلطان خیل 2 میں سلطان خیل امن کرکٹ ٹورنامنٹ کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح چیئرمین وی سی سلطان خیل 2 ریاض آفریدی نے کیا۔افتتاحی میچ ادریس کرکٹ گراؤنڈ میں بلال خیل 11 اور آزاد خیل 11 کے درمیان کھیلا گیا جس میں بلال خیل 11 نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ شائقین کی بڑی تعداد نے میچ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے کھلاڑیوں کا بھرپور حوصلہ بڑھایا۔تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں فوکل پرسن لوکل گورنمنٹ ہارون آفریدی، ویلج سیکرٹری ساجد خان، ضلع خیبر سپروائزر گل جمال، چیئرمین مامون الرشید، یوتھ کونسلر شاہ سعود اور تحصیل ممبر ریاض خان سمیت دیگر سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر صدر یونین گل جمال نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ منظور شدہ فنڈ کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے اور سرکاری سطح پر اس کی مکمل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ کھلاڑیوں کو کھیلوں کا سامان اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی طرف متوجہ کیا جا سکے۔چیئرمین ریاض آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں کے انعقاد کا مقصد یوتھ کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے تاکہ علاقے میں امن، بھائی چارہ اور اتحاد کو فروغ ملے۔شرکاء اور عوام نے افتتاحی تقریب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا باعث بنتے ہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے صحت مند تفریح اور بہتر مستقبل کی ضمانت بھی ہیں
