ضلع خیبر میں ثقافت، کھیل اور فن کا حسین امتزاج: جمرود سپورٹس کمپلیکس میں خیبر فیسٹیول کا شاندار انعقاد

ضلع خیبر میں ثقافت، کھیل اور فن کا حسین امتزاج: جمرود سپورٹس کمپلیکس میں خیبر فیسٹیول کا شاندار انعقاد

ضلع خیبر کی تاریخ میں ایک اور خوش آئند باب کا اضافہ ہو گیا، جہاں خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورزم اتھارٹی اور ضلعی اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے باہمی اشتراک سے جمرود سپورٹس کمپلیکس میں “خیبر فیسٹیول 2025” کا رنگارنگ آغاز کیا گیا۔ یہ فیسٹیول 20 جولائی تک جاری رہے گا اور ضلع بھر کے عوام، نوجوانوں، خواتین اور بچوں کے لیے تفریح، ثقافت، کھیل اور ذاتی اظہار کا بھرپور موقع فراہم کر رہا ہے۔

فیسٹیول کا افتتاح ڈائریکٹر ٹورزم خیبرپختونخوا اشتیاق احمد نے کیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر جمرود فہد ضیاء، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نسیم علی شاہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد حسین، ضلعی افسران، صحافی، کھلاڑی اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں قومی ترانے کے بعد نوجوانوں نے جمناسٹک، پی ٹی شو اور مارچ پاسٹ کے ذریعے شرکاء کو خوش آمدید کہا کہ فیسٹیول میں نوجوانوں اور بچوں کے لیے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں:
بیڈمنٹن،باسکٹ بال،ٹگ آف وار (رسی کشی)،آرچری (تیر اندازی)،مارشل آرٹس، جمناسٹک اور پی ٹی شو

شرکاء نے ان مقابلوں میں بھرپور دلچسپی لی اور مختلف اسکولز و کلبز کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

فیسٹیول میں مختلف قسم کے فوڈ سٹالز اور ہنر مند خواتین و نوجوانوں کے ثقافتی سٹالز بھی لگائے گئے جہاں پر مقامی پکوان، دستکاریاں، روایتی ملبوسات، اور فنونِ لطیفہ کی اشیاء پیش کی گئیں۔ یہ سٹالز نہ صرف ثقافتی نمائندگی کا ذریعہ بنے بلکہ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔

فیسٹیول کی خاص بات “ثقافتی شام” تھی جس میں پشتو کے مشہور گلوکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ان کی دلکش پرفارمنس نے محفل کو چار چاند لگا دیے۔
اسی موقع پر معروف مزاحیہ فنکار سید رحمان شینو اور ان کے ساتھیوں نے سماجی شعور اجاگر کرنے کے لیے “حق” کے عنوان سے ایک دلچسپ اور معنی خیز اسٹیج ڈرامہ پیش کیا، جسے شرکاء نے خوب سراہا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹورزم اشتیاق احمد نے کہا: “خیبر فیسٹیول کا مقصد نہ صرف تفریح مہیا کرنا ہے بلکہ یہاں کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور علاقے میں پائیدار امن کو فروغ دینا بھی اس کا مرکزی مقصد ہے۔ ایسے ایونٹس خیبر کی روشن، پرامن اور ثقافتی پہچان کو اجاگر کرتے ہیں۔”

شرکاء اور مقامی عمائدین نے فیسٹیول کو جمرود کے لیے ایک خوشگوار لمحہ قرار دیا اور کہا کہ ایسے پروگرامز علاقے کی شناخت، نوجوانوں کی خوداعتمادی اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے حکومت، ٹورزم اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس قسم کی سرگرمیاں مستقل بنیادوں پر منعقد کی جائیں۔

ضلع خیبر جمرود سپورٹس کمپلیکس میں خیبر فیسٹیول کا افتتاح

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top