جمرود۔ جان ولی شاہین ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام صحافیوں کے لیے کرکٹ ٹورنامنٹ انعقاد، ضلع خیبر کے تینوں تحصیلوں کے پریس کلبوں کی شرکت، جمرود پریس کلب نے ایونٹ اپنے نام کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جان ولی شاہین ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ضلع خیبر کے صحافیوں کے لیے ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا کامیاب انعقاد جمرود سپورٹس کمپلیکس میں کیا گیا۔ اس خصوصی ایونٹ میں ضلع خیبر کے تینوں پریس کلبوں باڑہ، جمرود اور لنڈی کوتل کے صحافیوں نے بھرپور شرکت کی اور اپنی ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ٹورنامنٹ کا مقصد صحافی برادری کے مابین بھائی چارے، باہمی تعلقات کو فروغ دینا اور ان کے لیے صحت مندانہ تفریحی مواقع فراہم کرنا تھا۔اس موقع پر مہمان خصوصی باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان آفریدی، انجمن تاجران جمرود کے صدر کاشف اقبال آفریدی، جنرل سیکرٹری عبد العزیز افریدی،زوان کوکی خیل اتحاد کے سابق صدر ابرابر احمد آفریدی سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
سپورٹس ایونٹ کے انعقاد پر جے ایس فاؤنڈیشن کے چیئرمین جان ولی شاہین آفریدی نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آواز اور آنکھ و کان ہوتے ہیں اور ہم ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ ایک معمولی سی کوشش ہے تاکہ صحافیوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کا خیال رکھا جا سکے اور ان کے لیے خوشگوار ماحول مہیا کیا جائے۔ شاہین آفریدی نے کہا کہ ہماری فاؤنڈیشن نوجوانوں، طلباء اور صحافیوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے گی۔تقسیم انعامات تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان آفریدی نے کہا کہ موجودہ وقت میں صحافیوں کے لیے کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر جان ولی شاہین آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی اصلاح کرتے ہیں اور عوامی مسائل حکام بالا تک پہنچاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ خیبر کے صحافیوں نے مشکل وقت میں اپنے قلم کے ذریعے علاقے کی خدمت کی ہے اور اب بھی صحافتی خدمات احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔
اس موقع پر جمرود پریس کلب کے صدر ساجد علی کوکی خیل، باڑہ پریس کلب کے صدر سلیم آفریدی اور لنڈی کوتل پریس کلب کے صدر امان علی سمیت سینئر صحافی ابرہیم شینواری، باڑہ پریس کلب کے سابق صدر خیال مت شاہ آفریدی، اورنگزیب آفریدی سمیت ضلع خیبر کے صحافیوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور صحافیوں کے لیے اس مثبت اور صحت مند سرگرمی کے انعقاد پر جے ایس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ پیش کرنے والے ٹیموں اور کھلاڑیوں کو ٹرافیاں تقسیم کیئے۔ اس موقع پر تمام شرکاء نے بھی جے ایس فاؤنڈیشن کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسے ایونٹس کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔
