بنو قابل پروگرام کا آغاز

باڑہ۔ الخدمت فاؤنڈیشن خیبر نے بنو قابل پروگرام کا آغاز کر دیا جس میں ضلع خیبر کے نوجوانوں کے لیے مفت آئی ٹی کورسز کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔
باڑہ (نمائندہ ذاکر آفریدی) تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی ضلع خیبر شاہ فیصل آفریدی، جنرل سیکریٹری الخدمت فاؤنڈیشن ضلع خیبر ڈاکٹر اکبر آفریدی اور دیگر عہدیداران نے باڑہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بنو قابل پروگرام کے تحت ضلع خیبر کے تینوں تحصیلوں جمرود، لنڈیکوتل اور باڑہ میں مفت آئی ٹی کورسز شروع کر دیئے گئے ہیں اور اس کی رجسٹریشن ان لائن گوگل کے ذریعے بھی کی جاسکتی ہے اور فزیکلی اقراء سکول اینڈ کالج باڑہ میں کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ضلع خیبر کی زیر نگرانی یہ پروگرام تینوں تحصیلوں میں بیک وقت شروع کیا جا رہا ہے اور اس میں 12 تک مختلف کورسز میں تربیت دی جائے گی جس کا مقصد نوجوان نسل کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا اور انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

امیر جماعت اسلامی شاہ فیصل آفریدی نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو مفت تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ فری لانسنگ، آن لائن کام اور مختلف ٹیکنیکل شعبوں میں اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔
جنرل سیکریٹری الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر اکبر آفریدی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں اس فری پروگرام میں شمولیت اختیار کریں اور اپنے مستقبل کو بہتر بنانے کے اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top