خیبر(نمائندہ ذاکر آفریدی) غیر سرکاری تنظیم جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جیکا) اور محکمہ لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا کے تعاون سے دو روزہ قرأت و نعت خوانی مقابلوں کی اختتامی تقریب باڑہ ٹی ایم اے بلڈنگ میں منعقد ہوئی، جس میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں انعامات اور توصیفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق دو روزہ مقابلوں میں باڑہ کے 79 ویلج اور نیبرہوڈ کونسلوں کے طلباء نے شرکت کی۔ بلدیاتی نمائندگان کے زیر اہتمام (جیکا) جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے مالی تعاون سے منعقدہ ان مقابلوں میں تین مختلف کیٹگریز شامل تھیں جن میں قرأت، نعت خوانی اور تقریری مقابلے شامل تھے جبکہ اس کے علاؤہ خواتین کے لیے سلائی کڑھائی کی تربیت شامل تھے۔ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی کفیل نے بلدیاتی نمائندگان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات اور دو سال تک تنخواہوں کے بغیر بھی بلدیاتی نمائندوں نے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے انجام دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نمائندوں نے اپنے علاقوں میں قدرتی آفات اور متاثرین کی مدد کے لیے بڑھ چڑھ کر خدمات انجام دیں۔مفتی کفیل نے مزید کہا کہ تحصیل کونسل کی الوداعی تقریب میں تمام چیئرمینز کو ان کی خدمات کے اعتراف میں سرٹیفکیٹس بھی دیے جائیں گے۔



